31/05/2026
اچار صرف ایک ذائقہ نہیں بلکہ ایک قدیم دیسی دوا بھی ہے۔ اگر کم مقدار میں روزانہ استعمال کیا جائے تو خاص طور پر گرمیوں میں یہ معدہ کو مضبوط، ہاضمہ کو بہتر اور جسمانی گرمی کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ پیٹ کی بھاری پن، گیس، بدہضمی، دل کی گھبراہٹ اور ہلکی متلی میں بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ بعض اوقات نشے کی کیفیت میں بھی اچار استعمال کروا دیا جائے تو طبیعت میں قدرے بہتری آ جاتی ہے۔
لیکن یاد رہے، ہر چیز کی زیادتی نقصان دیتی ہے۔ اچار چونکہ ترش اور مصالحہ دار ہوتا ہے اس لیے کچھ مزاجوں میں زیادہ استعمال سے گرمی یا خشکی بڑھ سکتی ہے۔
آم کا سیزن شروع ہونے والا ہے، اس لیے آج آپ کے لیے ایک مزیدار اور آزمودہ مکس اچار کی ترکیب پیش ہے جو ذائقے اور صحت دونوں میں بہترین ہے۔
مکس اچار (کچے آم والا) اجزاء
ڈھائی کلو کچے آم
آدھا کلو گاجر
آدھا کلو لیموں
آدھا پاؤ سبز مرچ
ایک پاؤ نمک
آدھا چھٹانک سونف
ایک چھٹانک میتھی کے بیج
ایک چھٹانک سرخ مرچ
آدھا چھٹانک رائی
آدھا چھٹانک سونٹھ
آدھا چھٹانک کلونجی
ایک چھٹانک ہلدی پسی ہوئی
حسب ضرورت سرسوں کا تیل
ترکیب
سب سے پہلے تمام مصالحہ جات کو اچھی طرح کوٹ لیں، میتھی کے بیج الگ رکھیں۔
پھر کوٹے ہوئے مصالحے میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر ایک گاڑھا سا آمیزہ تیار کریں۔
آموں کو دھو کر ان کی چار پھانکیں اس طرح کریں کہ وہ جڑی رہیں، درمیان سے گھٹلی نکال دیں۔
گاجر کو قلمی شکل میں کاٹ لیں، لیموں کو ہاف کریں اور سبز مرچوں کو چیرا لگا دیں۔
اب ان سب کے اندر مصالحہ بھر کر ایک بڑے مرتبان میں رکھتے جائیں۔ باقی مصالحہ اور میتھی کے بیج بھی شامل کریں۔
برتن کے منہ پر کپڑا باندھ کر دھوپ میں رکھ دیں تاکہ نمی خشک ہو جائے۔
روزانہ ہلائیں اور کم از کم 4 دن دھوپ لگنے دیں۔ جب اچھی طرح پانی خشک ہو جائے تو سرسوں کا تیل اس قدر ڈالیں کہ تمام اچار ڈوب جائے۔
4 سے 5 دن میں لذیذ، خوش ذائقہ اور تیار مکس اچار استعمال کے لیے تیار ہو جائے گا۔