06/02/2024
گلاب کی پروننگ
میں گلاب کی ہارڈ پروننگ یا لائٹ پروننگ نہیں کرتا نہ ہی مجھے ان میں سے کوئ طریقہ پسند ہے۔ ہارڈ پروننگ تو بڑا ہی بے ہودہ طریقہ ہے بھلا کیسے آپ کسی پودے کو پکڑ کر بغیر سوچے سمجھے سارا کاٹ سکتے ہیں۔
میں گلاب کی سمارٹ پروننگ کرتا ہوں جو کہ میرا خود ساختہ طریقہ ہے کیونکہ میں آپکے طریقوں سے اختلاف کرتا ہوں تو آپ بھی میرے طریقے سے اختلاف کر سکتے ہیں نو پرابلم۔
سمارٹ پروننگ میں آپ خود کو تمام بندشوں سے آزاد کر کے پودے پر کام کرتے ہیں۔ یعنی ضروری نہیں کہ تمام شاخیں ایک فٹ سے کاٹ دیں ہو سکتا ہے ایک شاخ کو بالکل ہی ختم کر دیں اور دوسری کی تھوڑی سی ٹپ کاٹیں۔ نہ ہی شاخ کی عمر کی کوئ بندش ہے نہ ہی شاخ کی موٹائی کی کوئ پابندی ہے۔ نہ ہی کسی خاص ورائٹی کے لیے خاص قانون ہے۔ آپ آزاد ہیں آپ کو اگر ایک اچھی خاصی صحت مند بیسل بریک نہیں چاہیے تو کاٹ سکتے ہیں آپ کو ایک بیمار شاخ کسی وجہ سے چاہیے تو نہ کاٹیں کوئ مسئلہ نہیں۔ یہاں تک کہ ایک ہی ورائٹی کے ایک ہی عمر کے دو پودوں کی آپ مختلف طریقوں سے کاٹ چھانٹ کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ پروننگ کا کوئ وقت کوئ موسم مقرر نہیں۔
اتنی آزادی اور خود مختاری سے کٹنگ کرنے کے لیے آپکو گلاب کے پودے اور مختلف موسموں کے ساتھ گلاب کے تعلق کو سمجھنا ہو گا کٹنگ کرنے سے پہلے فیصلہ کرنا ہو گا کہ آپ اپنے پودے سے چاہتے کیا ہیں۔
فرض کریں آپکے پاس ایک انتہائ چھوٹا پودا آیا ہے آپکو اسکی نسل وییریفائ کرنا ہے تو آپ کو کم از ایک بیسل شوٹ چاہیے جس کی ٹپ پر اچھی کوالٹی کا پھول لگے گا تاکہ آپ اس کو جانچ سکیں۔ تو ایسے میں آپ گروتھ کے موسم سے کچھ دن پہلے پودے کی زیادہ تر شاخیں کاٹ دیں گے تاکہ ایک اچھی شاخ نکلے اور اسکی ٹپ پر بہتر کوالٹی کا پھول لگے۔ اس کے برعکس اگر آپ چاہتے ہیں کہ فروری مارچ میں یہ پودا اپنی جڑیں بنا لے تاکہ آنے والے گرم موسم میں زیادہ دیکھ بھال کے بغیر زندہ رہ سکے تو آپ اس کا ایک پتہ بھی نہ کاٹیں گے۔
تو اچھے روزیرین بننے کے لیے کبھی بھی بغیر مقصد قینچی نہ چلائیں ہر کٹ کے پیچھے کوئ وجہ ہونی چاہیے یہ انتہائ بھونڈا طریقہ ہے کہ اتنا اتنا کاٹ دیں یا تھوڑا تھوڑا کاٹ دیں۔ جس طرح کے پودے ہمارے ملک میں ملتے ہیں تین سال کی عمر تک پودے کی پروننگ کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی پودے کو قدرتی انداز سے بڑھنے دیں جب اس کو مناسب لگے گا پھول کھلانا شروع کر دے گا ۔ تب تک آپ کو گلاب کی کافی سمجھ آ چکی ہوگی۔