04/06/2023
جب نرسری سے پودے لائیں تو کیا کریں؟ مفید و معلوماتی ٹپس۔۔۔
(خبردار۔۔۔ نئے اور ناتجربہ کار گارڈنرز تیز گرمی (عموماً جون جولائی) میں نئے پودے نہ لگائیں، یہ کام موسم برسات سے شروع کریں)
نرسری سے پودا لا کر پندرہ دن سے ایک ماہ بعد دوسری جگہ منتقل کریں۔
لیکن اس سے پہلے ان باتوں پر عمل ضروری ہے کیونکہ عمل سے باغ بنتا ہے، پیارا بھی، نیارا بھی۔
1۔ نرسری سے پودے لا کر ان کو باقی پودوں سے الگ رکھیں اور اُسی وقت فنجی سائیڈ یعنی بیکنگ سوڈا یا ڈش واشنگ لیکوئیڈ (ایک چائے والا چمچ تین لیٹر پانی میں مکس کر کے) سے پودوں پر اچھی طرح شاور کر کے نہلا دیں۔
اس لیے کہ اگر اس پودے میں کوئی بیماری یا کیڑا لگا ہے، تو وہ ختم ہو جائے اور آپ کے باقی پودے بھی محفوظ رہیں۔
2۔ اس کے بعد پودوں کو چھاؤں میں رکھ دیں۔ کبھی بھی نرسری سے پودا لاکر دھُوپ میں نہ رکھیں۔ اس طرح پودا سٹریس میں آجائے گا اور مر جائے گا۔
کیونکہ نرسری میں پودوں کو گرین نیٹ یا چھاؤں کے نیچے رکھا ہوتا ہے۔ وہاں کا ماحول ٹھنڈک والا ہوتا ہے۔
3۔ نرسری سے پودے لا کر کبھی بھی پکے فرش پر نہ رکھیں۔
کسی پاٹ یا گملے میں مٹی ڈالیں اور مٹی میں کوئی گوبر یا کمپوسٹ یا پھل سبزی کے چھلکے مکس کر کے پودا اس کے اوپر رکھ کر چھاؤں میں رکھیں۔
اس لیے کہ نرسری میں، مٹی کے نم شُدہ بیڈز یا کیاریوں پر پودے رکھے ہوتے ہیں۔
گھر میں لا کر اسی طرح کے ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔
اکثر ایسا بھی ہوتا ہے، کہ جب اس مٹی کے بیڈ پر پودا بڑا ہوتا ہے تو اس کی جڑیں مٹی میں چلی جاتی ہیں۔
مالی جب آپ کو پودا نکال کر دیتا ہے تو نیچے سے جڑیں کاٹ دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے گھر لانے کے بعد اُسی وقت تو نہیں بلکہ کُچھ گھنٹوں یا دنوں بعد پودے کی حالت خراب ہونا شُروع ہوجاتی ہے۔
اسی لیے پودے کو جب فرش پر رکھتے ہیں تو اس کو نیچے سے گرمی heat پہنچتی ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔۔۔ اور اکثر پودا مرجھا اور بالآخر مر جاتا ہے۔
4۔ جس پاٹ یا گملے میں پودا رکھا ہے اس کی مٹی ہر وقت نم رہنی چاہیے۔
اس لیے کہ نرسری میں مٹی کے بیڈز 24 گھنٹے نم رہتے ہیں۔
5۔ جب تک نئے پتے اور نئی شاخیں نہ نکل آئیں اس وقت تک پودے کو دوسری جگہ منتقل نہ کریں۔
اس لیے کہ پودے کو نئے ماحول کا عادی ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔
اگر نیچے سے جڑیں کٹی ہوئی ہوں تو ان کی گروتھ شُروع ہوجائے۔
Copied